جنرل قاسم سلیمانی کو نشان ذو الفقار عطا کئے جانے کی تقریب سے خطاب

اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو سپریم کمانڈر ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی طرف سے نشان ذو الفقار عطا کیا گيا۔ 19 اسفند 1397 مطابق 10 مارچ 2019 کو منعقد ہونے والی تقریب میں جنرل قاسم سلیمانی کو یہ خطاب دیا گيا۔ تقریب سے رہبر انقلاب اسلامی نے مختصر خطاب کیا۔ رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب کا اردو ترجمہ پیش خدمت ہے۔۔۔

 

بسم الله الرّحمن الرّحیم

راہ خدا میں کی جانے والی جدوجہد کا صلہ ان چیزوں کے ذریعے ادا نہیں ہو سکتا، ان چیزوں سے اس کا محنتانہ ادا نہیں ہو سکتا۔ اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے؛ «إِنَّ اللہ اشْتَرَىٰ مِنَ الْمُؤْمِنِینَ أَنفُسَھمْ وَ أَمْوَالَھم بِأَنَّ لَھمُ الْجَنَّۃ یُقَاتِلُونَ فِی سَبِیلِ اللهِ فَیَقْتُلُونَ وَ یُقْتَلُونَ» (۱) راہ خدا میں مجاہدت کا صلہ جو ہو سکتا ہے اور اللہ تعالی نے راہ خدا میں جان و مال ہتھیلی پر رکھ کر آگے بڑھنے کے عوض جو صلہ رکھا ہے وہ بہشت ہے، رضائے پروردگار ہے۔ ہمارے اختیار میں جو چیز ہے خواہ وہ زبانی شکریہ ہو، یا عملی اظہار تشکر ہو، یا یہ نشان عطا کرنا ہو یا جو رینک ہم دے سکتے ہیں، یہ ساری چیزیں مادی اور دنیاوی حساب کتاب کے اعتبار سے قابل ذکر ہیں، روحانی و الوہی حساب کتاب میں ان کی کوئی بساط نہیں ہے۔ الحمد للہ آپ سب نے یہ جدوجہد انجام دی ہے، محنت کی ہے۔ الحمد للہ اللہ تعالی نے ہمارے ان برادر عزیز جناب سلیمانی (2) کو بھی توفیقات سے نوازا۔ بارہا ، بارہا، بارہا ایسا ہوا کہ آپ نے اپنی جان خطرے میں ڈالی اور وہاں پہنچے جو جگہ دشمن کے حملوں کی آماجگاہ بنی ہوئی تھی۔ راہ خدا میں، برائے خدا اور خالصتا لوجہ اللہ آپ نے جہاد کیا۔ ان شاء اللہ خداوند عالم آپ کو اجر عطا فرمائے، آپ پر کرم کرے اور آپ کی زندگی کو با سعادت فرمائے اور آپ کو شہادت نصیب کرے۔ البتہ ابھی نہیں۔ ابھی تو اسلامی جمہوریہ کو برسوں آپ کی ضرورت ہے۔ لیکن بالآخر ان شاء اللہ زندگی کا کا سفر شہادت کی منزل پر ہو۔ آپ کو (یہ نشان) بہت بہت مبارک ہو۔

 

۱) سوره‌ توبہ، آیت نمبر ۱۱۱ کا ایک حصہ: «در حقیقت اللہ نے مومنین سے ان کی جان و مال کا سودا کر لیا ہے اور اس کے عوض ان کے لئے بہشت قرار دی ہے، یہ وہی لوگ ہیں جو راہ خدا میں جنگ کرتے ہیں اور قتل کرتے ہیں اور قتل ہوتے ہیں…»

۲) سپاہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی

 

 

 

متعلقہ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے