جنگ نرم میں اگہی و تشریح کا جہاد اور نوجوانوں کی ذمہ داری از رہبر انقلاب

بہت سے حقائق ہیں جنھیں بیان کیا جانا چاہیے!

آپ عزیز نوجوان اور طلباء، جو حقیقی معنی میں قوم کے دل کا سکون اور ملک کے مستقبل کی امید ہیں، تشریح اور بیان کے مسئلے کو اہمیت دیجیے۔ بہت سے حقائق ہیں جنھیں بیان کیا جانا چاہیے۔ اس گمراہ کن سازش کے مقابلے میں، جو ہر طرف سے انقلاب کے خلاف رچی جا رہی ہے اور رائے عامہ پر اثر انداز ہونے کی کوششوں کے مقابلے میں، جو انقلاب اور اسلام کے دشمنوں کے بڑے اہداف میں سے ایک ہے اور اسی طرح لوگوں کے خیالات کو ابہام میں باقی رکھنے اور ان کے ذہنوں خاص طور پر جوانوں کے ذہنوں کو بہکانے کی کوششوں کے مقابلے میں، توضیح و تشریح کا اقدام، دشمن کی اس چال اور اس کے اس قدم کو ناکام بنانے والا ہے۔

چراغ کی مانند اپنے اردگرد کے ماحول کو روشن کریں!

آپ میں سے ہر ایک، ایک ذمہ داری کے طور پر ایک چراغ کی طرح، ایک نور کی طرح اپنے آس پاس کے ماحول کو روشن کر دے۔ بحمد اللہ افکار کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے آج میدان کھلا ہوا ہے۔ یہ عمومی فضا جو، ممکنہ طور پر مشکلات پیدا کرنے کے ساتھ ہی، کچھ بڑی برکتوں کی بھی حامل ہے؛ اس کی مدد سے آپ صحیح افکار کو پھیلا سکتے ہیں، سائبر اسپیس سے استفادہ کر کے اعتراضات کے جواب دے سکتے ہیں، پیدا کئے جانے والے ابہام کا جواب دے سکتے ہیں اور صحیح معنوں میں اس سلسلے میں جہاد کر سکتے ہیں۔

جنگ نرم میں اخلاقی اقدار کا لحاظ

البتہ اس سلسلے میں حتمی اور بنیادی اصول یہ ہے کہ اس کام میں اخلاقی روش کی پیروی کرنی چاہیے۔ اُس کام سے پوری شدت سے پرہیز کرنا چاہیے جو کچھ لوگ سائبر اسپیس میں، پرنٹ میڈیا میں، مقالوں میں یا ادھر ادھر انجام دیتے ہیں اور نامناسب باتیں کرتے ہیں، الزام تراشی کرتے ہیں، فریب دیتے ہیں اور رائے عامہ کے سامنے غلط بیانی کرتے ہیں۔ حقائق کو ٹھوس دلائل، سنجیدہ باتوں، مکمل عقلانیت سے وابستگی اور انسانی جذبات نیز اخلاقیات کے ساتھ سامنے لانا چاہیے۔ آج ہم سب کو اسی میدان میں آگے بڑھنا چاہیے؛ ہر ایک کو کسی نہ کسی طریقے سے اور اس راہ میں اس کا جو حصہ ہے، اس کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے۔


                                                                                                 حوالہ:
اربعین حسینی ۲۰۲۱ کی تقریر سے اقتباس

متعلقہ

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے